دورہ زمبابوے:سلیکشن کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو بھی جاری رہے گا

pcb لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کی سنٹرل کنٹریکٹ کمیٹی نے بیس کھلاڑیوں کے ناموں کی حتمی فہرست چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ کو جمع کرادی ہے۔ دورہ زمبابوی کیلئے سلیکشن کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو دوسرے روز بھی جاری رہے گا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دورہ زمبابوے کے لئے محسن خان کی سربراہی میں اجلاس ہواجس میں مختلف کھلاڑیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق نے بھی شرکت کی۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق یہ اجلاس جمعرات کے روز بھی جاری رہے گا۔ جس کے بعد دورہ زمبابوے کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سنٹرل کانٹریکٹ کے لئے ہونے والے دوسرے اجلاس کے بعد بیس کھلاڑیوں کے ناموں کی فہرست چیئرمین پی سی بی کو حتمی منظوری کے لئے جمع کرا دی گئی ہے۔ چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ نے ایک مرتبہ پھر میڈیا سے گفتگو کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا اعلان کرنا سلیکشن کمیٹی کا کام ہے، ان کا نہیں۔