قومی کرکٹ ٹیم کا کوچ پاکستانی ہونا چاہئے، ظہیر عباس

zaheer abbas

zaheer abbas

کراچی : قومی کوچ کی تلاش کے لئے تشکیل دی گئی پی سی بی کمیٹی کے رکن اور سابق کپتان ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کا نیا کوچ پاکستانی ہونا چاہئے۔ برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ظہیر عباس نے کہا کہ کوچ کی شخصیت غیر متنازع ہو اور اس نے اعلی سطح پر پاکستان کے لئے طویل کرکٹ کھیلی ہو۔ انہوں نے کہا پاکستان کے موجودہ حالات میں غیر ایشیائی کوچ اپنا کردار ادا نہیں کرسکتا۔ غیرملکی کوچ کے لئے سب سے تشویش کی بات پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال ہے، وہ پاکستان میں قیام کرنے سے کترائے گا تو کارکردگی پر کس طرح توجہ دے سکے گا۔ ظہیر عباس نے کہا پاکستانی کوچ ہی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا سکتا ہے۔ اگر ٹیم میں غلط فہمی پیدا ہوتی ہے تو میڈیا کے ذریعے حل کرنے کے بجائے بند کمرے میں معاملات حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوچ کو طویل معاہدے کی پیشکش کی جائے اور اس کی ذمہ داریوں کے اہداف مقرر کئے جائیں، ہر شخص کے لئے اس کی حدود اور ذمہ داریاں طے کرنا ہونگی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی جاوید میانداد اور ڈیوواٹ مور سے انٹرویو کرکے اپنا کام شروع کرے گی۔