میرے دشمن کی موت

munir niazi

munir niazi

تیغ لہو میں ڈوبی تھی اور پیڑ خوشی سے جھوما تھا
بادِ بہار چلی جھوم کے جب اس نے مجھے دیکھا تھا
گھائل نظریں اس دشمن کی ایسے مجھ کو تکتی تھیں
جیسے انہونی کوئی دیکھی ان کمزور نگاہوں نے

یہ انصاف تو بعد میں ہو گا، کیا جھوٹا کیا سچا ہے
کون یقین سے کہہ سکتا ہے، کون برا کون اچھا ہے
لیکن پھر بھی ایک بار تو میرا دل بھی کانپا تھا
کاش یہ سب کچھ کبھی نہ ہوتا میں نے دکھ سے سوچا تھا
گھائل نظریں اس دشمن کی گہری سوچ میں کھوئی تھیں
جیسے انہونی کوئی دیکھی ان کمزور نگاہوں نے

کون ہوں میں اور کون تھا وہ جس پر انہونی نے وار کیا
کون تھا وہ جس شخص کو میں نے بھری بہار میں مار دیا

منیر نیازی