مینڈیٹ کے دعویدار حکمران انتخابی وعدوں کو پورا کریں۔ ایم آر پی

Election

Election

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی بحرانوں کا خاتمہ ‘ عوامی مسائل کا حل اور قوم کو امن و تحفظ کے ساتھ ترقی و خوشحالی کے یکساں مواقع کی فراہمی مینڈیٹ کے دعویدار حکمرانوں کا فریضہ و ذمہ داری ہے مگر افسوس کہ حکمران طبقہ فرائض و ذمہ داری کی احسن ادائیگی اور گڈ گورننس کے قیام میں ناکام اور مسائل کو سابقہ حکمرانوں کی نااہلی قرار دینے کی روایت پر گامزن ہے۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے کہا ہے کہ حکمران اپنی ناکامی کو سابقہ حکمرانوں کی نااہلی گرداننے کی روایت چھوڑ کران وعدوں کو وفا کریں جو انتخابات کے وقت انہوں نے قوم سے کئے تھے۔

سابقہ حکومتوں کو کوسنے کی بجائے بجلی ‘ پانی و گیس بندش سمیت توانائی بحران ‘ دہشتگردی ‘ بد امنی ‘ بیروزگاری ‘ غربت ‘ جہالت‘ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی روایت کا خاتمہ کریں وگرنہ مستعفی ہوجائیں کیونکہ سابقہ حکمرانوں نے جو کچھ کیا اسی کو جواز و بنیاد بناکر انہوں نے انتخابی مہم چلائی اور سابقہ حکمرانوں کی پیدا کردہ خرابیوں و برائیوں سے نجات کیلئے ہی عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا ہے اگر وہ اس مینڈیٹ پر پورا نہیں اترسکتے تو مزید مسند اقتدار پر قابض رہ کر عوام اور اس کے مینڈیٹ کی توہین نہ کریں۔