کراچی میں امن کی بحالی کا کام ادھورا نہیں چھوڑا جا سکتا، صدر ممنون حسین

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کی بحالی کا کام ادھورا نہیں چھوڑا جا سکتا، پاکستان کے ساتھ بہت ظلم ہو چکا، اب پوری قوم مل کر ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالے گی۔

اے پی این ایس کے عہدیداروں کو دیے گئے ظہرانے میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ ملک کو وسائل کی کمی کا سامنا ہے، اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری قوم یکسو ہو جائے، ذرائع ابلاغ کو اس حوالے سے موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔صدر نے کہا کہ ملک میں بہتری کے آثار ہیں اور اقتصادی بحالی کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔

صدر نے کہا کہ کراچی میں امن کی بحالی کے لیے کارروائیاں مقصد کے حصول تک جاری رہیں گی، یہ کام ادھورا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ اے پی این ایس کے عہدے داروں نے صدر مملکت کو جمہوریت اور معیشت کے استحکام کی قومی کوششوں میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔