عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) ہائی کورٹ نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران سابق صدر کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز مشرف کی طبیعت خراب ہے،اس لئے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔

اکبر بگٹی قتل کیس میں عدالتی حکم پر تشکیل دیئے گئے میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں بھی یہ بات کی ہے کہ وہ سفر کے قابل نہیں اس لئے عدالت عالیہ سے درخواست ہے کہ ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کئے جائیں۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کامران بشارت مفتی نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں حاضری کے حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔