عبد الستار ایدھی کا یادگاری ٹکٹ جاری

Abdul Sattar Edhi Ticket

Abdul Sattar Edhi Ticket

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے شہرت یافتہ سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی انتھک خدمات کے اعتراف میں یوم آزاد ی کے موقع پر اتوار کو یادگاری ٹکٹ جاری کردیا گیا۔ ٹکٹ کی مالیت 20 روپے ہے۔

ٹکٹ پاکستان پوسٹ آفس کی جانب سے اتوار کی صبح ایدھی ہوم کے میٹھا در میں واقع مرکزی آفس میں ایک تقریب کے دوران جاری کیا گیا۔

ٹکٹ کی رونمائی کے موقع پر عبدالستار ایدھی کی بیوہ بلقیس ایدھی، ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی اور پوسٹ ماسٹر جنرل رانا اخلاق و دیگر اہم افراد موجود تھے۔

تقریب کے دوران بلقیس ایدھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور زار و قطار رونے پڑھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب یوم آزادی کے موقع پر صبح ہی صبح مزار قائد جاکر فاتحہ خوانی کرنا نہیں بھولتے تھے۔

تقریب سے فیصل ایدھی نے بھی خطاب کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔

پوسٹ ماسٹر جنرل رانا اخلاق نے اعلان کیا کہ ڈاک ٹکٹس کی فروخت سے حاصل آمدنی کا ایک فیصد ایدھی فاؤنڈیشن کو دیا جائےگا جبکہ پاکستان پوسٹ آفس50 اور 100 روپے مالیت والے ڈاک ٹکٹ بھی جلد جاری کرے گا۔