احتساب کا ایسا ادارہ ہونا چاہئے جہاں کوئی مقدس گائے نہ ہو: چیئرمین سینٹ

Raza Rabbani

Raza Rabbani

لاہور (جیوڈیسک) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ وفاقی سطح پر احتساب کا ایسا ادارہ بنانے کی ضرورت ہے جو تمام اداروں کا احتساب کرے اور جہاں کوئی مقدس گائے نہ ہو ان لوگوں کو تحفظ مہیا کیا جانا چاہئے جو سرکاری اداروں میں کرپشن کو بے نقاب کرنے میں ایسے افراد تمام اداروں میں موجود ہیں جو کرپشن میں ملوث ہیں۔ اس وقت کوئی بھی شخص کرپشن روکنے کیلئے قدم اٹھانے کو تیار نہیں۔

وفاق اس وقت جس نہج پر پہنچ چکا ہے وہاں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا بیحد اہم ہے۔ وہ سابق وفاقی وزیر چودھری عبدالغفور مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ رضا ربانی نے کہاکہ سسٹم کے اندر ایسی رکاوٹیں موجود ہیں جو کرپشن کو ختم نہیں ہونے دیں گی۔ سینٹ میں 2015ء میں قرارداد پیش کی گئی تھی‘ کرپشن کو روکا جائے مگر حکومت نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔

نیب اور ایف آئی اے کے متصادم قوانین کا جائزہ لینا چاہئے مگر 7ماہ گزر چکے ہیں حکومت قرارداد کے حوالے سے خاموش تماشائی ہے۔ فوج میں احتساب کے سوال پر انہوں نے کہاکہ قوم اداروں میں احتساب کا جو عمل شروع ہوا ہے وہ خوش آئند ہے ملکی سیاستدانوں کا احتساب تو 1947ء سے چل رہا ہے‘ جمہوری حکومت جتنی بھی سست ہو‘ اس کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے‘ دریا جس سمت بھی بہہ رہا ہو اُسے بہنے دینا چاہئے۔