درست کیریئر گائیڈنس کے فقدان سے نوجوان طلبا کے خواب ادھورے رہ جاتے ہیں

Lahore

Lahore

لاہور: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کی جانب سے کیریئر گائیڈنس سیمینار کا انعقاد کیا گیا سیمینار میںمیٹرک طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے تعلیمی ماہرعمران ملہی نے خطاب کیا ۔ماہر تعلیم عمران ملہی نے کہا کہ ہمیں دوران طالب علمی ہی میں فیصلہ کر لینا چاہیے کے ہم نے کس فیلڈ کو جوائن کرنا ہے۔ انسان جو کچھ بھی ہوتا ہے ماضی میں اپنے کیئے ہوئے فیصلوں کی وجہ سے ہی ہوتاہے۔تعلیمی میدان میں فیصلے سوچ سمجھ کر کرنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنے اندر پائی جانے والی خوبیوں کا اندازہ لگا کر تعلیمی شعبہ منتخب کریں انہوں نے مزید کہا صحیح وقت میں کیریئر پلاننگ نہ ہونے کے باعث ہر شعبے اور معاشرے میں گمراہی اور بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔

ہمارے اردگرد بہت سی ایسی مثالیں ملیں گی کہ انہوں نے تعلیم کیا حاصل کی اوربن کیا گئے ۔ انہوں نے طلبا کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھا کہ ہم اس حقیقت سے انکار نہیں کر سکتے کہ حکومت کی طرف سے اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان ضائع ہو رہے ہیں ۔نوجوان اس ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو درست استعمال کرنے کی بجائے ضائع کیا جا رہاہے۔اسی وجہ سے نوجوان حسرت ومایوسی کی تصویر بن گئے ہیں۔ درست کیریئر گائیڈنس کے فقدان سے نوجوان طلبا کے خواب ادھورے رہ جاتے ہیں اور پھر یہ نوجوان برے کاموں اور جرائم کی راہ اختیار کر لیتے ہیں۔

لاہور کے ڈویژن کے صدر علی زیدی نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ہر دور میں جوانوں کی تعلیمی میدان میں رہنمائی کی ہے اور کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم الہی اہداف کے حصول کیلئے ہے۔ آئی ایس روز اول لیکر آج تک اس معاشرے کو نا صرف بہترین تعلیم یافتہ نوجوان دیئے بلکہ اسلامی تعلیم کے ذریعہ تربیت یافتہ نوجوانوں کو اس معاشرے کو اسلامی معاشرہ بنانے کیلئے وہ افرد فراہم کیے جو آج استعماری ہتھکنڈوں کو آگے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔سیمینار کے اختتام میٹر ک پری بورڈ امتحان میں پوزیشن ہولڈرز میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔