گوٹھوں میں بنیادی سہولیات کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

Administrator Municipality Korangi

Administrator Municipality Korangi

کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ ضلع کورنگی میں علاقائی سطح پر عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جائے ،گوٹھوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے کہاکہ جمعہ گوٹھ ،نور الدین گوٹھ ،صدیق گوٹھ سمیت ضلع کورنگی میں قائم گوٹھوں کے مکینوں کو تمام تر بنیادی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکمہ جاتی سربراہان کے ہمراہ ضلع کورنگی کے مختلف گوٹھوں کا تفصیلی دورہ کرکے گوٹھوں میں درپیش مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایدمنسٹریٹر قرة العین میمن نے گوٹھوں کے مکینوں سے ملاقات کی اور اُن سے علاقائی سطح پر درپیش مسائل سننے کے بعد موقع پر موجود متعلقہ افسران کو عوامی مسائل کے فوری تدارک کے حوالے سے احکامات دیئے ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے گوٹھوں کے مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ کورنگی بلا تفریق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کی حدود میں مسائل سے پاک صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جائیگا۔

گوٹھوں کے دورے پر عوام کو درپیش مسائل کے معائنہ پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ گوٹھوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جائے اور گوٹھوں میں صفائی و ستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا کام انجام دیا جائے اس موقع پر موجود واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ذمہ دران کو ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے ہدایت کی کہ گوٹھوں میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں ۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے گوٹھوں کے مکینوںکی شکایات پر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ گوٹھوں میں صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے اقدامات کئے جائیں اور تواتر کے ساتھ جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے۔