ایڈولف ہٹلر کا مجسمہ 17.2 ملین ڈالر کی ریکارڈ قیمت میں نیلام

Hitler

Hitler

نیویارک (جیوڈیسک) امریکی شہر نیویارک میں ہونے والی نیلامی میں ہٹلر کا مجسمہ 17.2 ملین ڈالر کی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوا جسے اطالوی مجسمہ ساز ماؤریزیو کیتلان نے بنایا۔
بچے کی جسامت کے اس متنازعہ مجسمے میں ہٹلر گھٹنوں پر بیٹھا ہے، موم اور چیڑ سے بنے اس مجسمے کا نام HIM ہے جس کے بارے میں امید تھی کہ یہ 10 سے 15 ملین ڈالر میں فروخت ہو جائے گا۔ مجسمے کے خالق کا اس سے پہلے بڑی سے بڑی رقم حاصل کرنے کا ریکارڈ 7.9 ملین ڈالر تھا جو کہ اس مجسمے نے توڑ دیا ہے۔

اس مجسمے میں ہٹلر کا جسم ایک کم سن لڑکے جتنا ہے جو کہ اپنے گھٹنوں پر بیٹھا ہے، مجسمے میں ہٹلر نے اپنا روایتی سرمئی اونی سوٹ پہنا ہوا ہے اور ہاتھ سامنے کی جانب باندھے ہیں۔ یہ مجسمہ سن 2001 میں مکمل کیا گیا تھا اس کے خالق 55 سالہ کیتلان کا کہنا ہےکہ ہٹلر ایک خوف کی علامت ہے اس کی تصویر دیکھنا ایک دردناک عمل ہے حتیٰ کہ اس کا نام لینا بھی ایک تکلیف دہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مجسمے کو بنانے کے پیچھے ان کا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں اور نہ ہی وہ کسی قسم کی شہرت کی طلب رکھتے ہیں۔