افغان حکومت و طالبان کا امن مذاکرات کا چوتھا اجلاس آج کابل میں ہو گا

Aghan Govt

Aghan Govt

کابل (جیوڈیسک) افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان امن مذاکرات کے حوالے سے 4 ملکی رابطہ گروپ کا چوتھا اجلاس آج کابل میں ہو رہا ہے۔ اجلاس میں پاکستان، افغانستان، چین اور امریکا کے نمائندے شرکت کریں گے۔

افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے 23 فروری کو کابل میں ہونے والے 4 ملکی رابطہ گروپ کے اجلاس میں سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری پاکستان، جبکہ افغان نائب وزیر خارجہ حکمت کارزائی افغانستان کی نمائندگی کریں گے۔

اجلاس میں امریکا کی طرف سے پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن جبکہ چین کی طرف سے نمائندہ خصوصی ڈینگ ژی یون شریک ہوں گے۔

اجلاس میں افغان امن عمل کے حوالے سے افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کی بحالی، افغان امن و استحکام اور پاک افغان اعتماد سازی کے اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

اس سے قبل چار ملکی رابطہ گروپ کا تیسرا اجلاس 6 فروری کو اسلام آباد، دوسرا 18 جنوری کو کابل اور پہلا اجلاس 11 جنوری کو اسلام آباد میں چکے۔

گزشتہ اجلاسوں میں چاروں ممالک نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بامعنی مذاکرات کے روڈ میپ کی تیاری پر اتفاق کیا ۔

جس پر شرکا نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کی تاریخ طے کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیاتھا ۔