افغان پناہ گزینوں کے ساتھ زبردستی نہیں ہو گی۔ عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

بنی گالا (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں مقیم افغان پناہ گزینوں کے ایک وفد نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انھیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

افغان پناہ گزینوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک 12 رکنی وفد نے جمعرات کو بنی گالا میں عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

وفد میں شامل افغان پناہ گزینوں کے ایک نمائندے حاجی شرافت نے بتایا کہ ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی اور تحریک انصاف کے سربراہ نے ان کے تمام مسائل کو بڑے اطمینان سے سنا۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان نے افغان وفد کو یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا میں ان کے ساتھ زبردستی نہیں ہوگی۔

حاجی شرافت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی کنونشن کے تحت افغان مہاجرین کو زبردستی ان کے ملک واپس نہیں بھیجا جاسکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے انھیں یقین دلایا کہ مہاجرین کی رجسٹریشن کارڈ میں توسیع اور دیگر مسائل کے ضمن میں وہ بہت جلد پشاور میں وزیراعلی خیبر پختونخوا کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کریں گے جس میں پولیس اور دیگر متعلقہ حکام بھی شرکت کریں گے۔

وفد میں شامل افغان مہاجرین کے ایک اور نمائندے جمیل زدران نے بتایا کہ عمران خان نے ملاقات میں پولیس کے رویے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا میں پولیس کی جان سے افغان شہریوں کے ساتھ کوئی زیادتی کی گئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں اس وقت 30 لاکھ کے قریب رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ افغان پناہ گزین مقیم ہیں۔ ان میں بیشتر پناہ گزین خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بالخصوص پشاور میں گذشتہ تین دہائیوں سے رہائش پذیر ہیں۔

پاکستان کی وفاقی حکومت نے افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کارڈز میں توسیع کی نئی پالیسی کے تحت تمام مہاجرین کو اس سال کے آخر تک افغانستان واپس جانے کی مہلت دے رکھی ہے۔

دوسری جانب پولیس اور سکیورٹی اداروں نے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کچھ عرصہ سے اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

افغان پناہ گزینوں کا موقف ہے کہ رجسٹریشن کارڈ رکھنے کے باوجود پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار انھیں بلاوجہ تنگ کرتے ہیں اور سینکڑوں پناہ گزینوں کو پابند سلاسل بھی کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے حالیہ سختیوں کے بعد پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کی واپسی کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر کے ترجمان دنیا اسلم خان کے مطابق رواں سال اب تک 27 ہزار سے زیادہ پناہ گزینوں اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عید الاضحی کے بعد افغان پناہ گزینوں کی واپسی کا عمل مزید تیز ہوجائے گا۔