افغانستان میں بگرام ایئربیس کے قریب خودکش حملے میں 5 نیٹو فوجی ہلاک

NATO Soldiers killed

NATO Soldiers killed

کابل (جیوڈیسک) بگرام ایئربیس کے قریب نیٹو اور افغان فورسز کے مشترکہ گشت پر خود کش حملے کے نتیجے میں نیٹو کے 5 فوجی ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان ضلع بگرام میں بگرام ایئربیس کے قریب نیٹو اور افغان فورسز کے مشترکہ گشت کے دوران موٹرسائیکل سوار نے خود کو لاکر فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دیا اور زوردار دھماکے کے نتیجے میں نیٹو کے 5 فوجی ہلاک اور6 زخمی ہوگئے۔

کابل میں نیٹو ہیڈکوارٹر نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکہ خیزمواد سے لیس موٹرسائیکل سوارنے خود کو نیٹو قافلے کے قریب لاکر دھماکے سے اڑا دیا جس میں فوجیوں کی بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں دعویٰ کیا ہے کہ خود کش حملے میں نیٹو کے 19 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ افغان طالبان کی جانب سے صوبے ہلمند میں فورسز کے ساتھ گھمسان سے لڑائی جاری ہے اور صوبے پر قبضے کے لئے طالبان تیزی سے پیش قدمی بھی کررہے ہیں۔