افغانستان میں بم دھماکے، ایک جج سمیت 8 سکیورٹی اہلکار ہلاک

Afghanistan Bomb Blast

Afghanistan Bomb Blast

بگرام (جیوڈیسک) افغانستان میں بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعات میں ایک جج کے علاوہ بگرام ایئربیس کے 8 سکیورٹی اہلکار ہلاک جب کہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

شمالی صوبہ پروان کے ضلع بگرام میں نامعلوم افراد کے حملے میں امریکی فوجی ہوائی اڈے کے 8 سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔ صوبائی گورنر کی ترجمان واحدہ شاہکار نے بتایا ہےکہ سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی کےلیے بگرام جارہے تھے کہ راستے میں ان کے قافلے کو گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ بگرام ایئرفیلڈ افغانستان میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ بھی ہے۔

دوسری جانب مشرقی صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد میں بم دھماکے کے نتیجے میں جج ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ جج کی گاڑی میں نصب مقناطیسی بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں جج اور ان کے دو بھائیوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جج شیر رحمان ہلاک ہوگئے۔

اب تک ان دونوں حملوں کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم ماضی میں افغان سیکیوریٹی فورسز پر طالبان افغانستان کی جانب سے حملے کیے جاتے رہے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق ننگرہار میں حال ہی میں داعش کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔