پاک افغان سرحدی کشیدگی کم کرنے کیلئے دونوں ممالک کے حکام پر زور دے رہے ہیں، امریکا

US

US

واشنگٹن (جیوڈیسک) ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر ہونے والی کشیدہ صورت حال بہتر کرنے کے لئے دونوں ممالک کے حکام پر زور دے رہے ہیں۔

واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر کشیدہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، دونوں ممالک کے حکام سے رابطے میں ہیں اور دباؤ کم کرنے کے لئے پاکستان اور افغان کی حکومتوں پر مسلسل زور دے رہے ہیں۔

جان کربی کا کہنا تھا کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان رچرڈ اولسن نے اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی امورپر بات چیت کی گئی جب کہ کابل کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بھی بات ہوئی۔ اس کے علاوہ رچرڈ اولسن نے کابل میں افغان صدر اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل 3 رکنی اعلیٰ سطحی امریکی وفد نے اسلام آباد میں پاکستان کے سول و عسکری حکام سے ملاقات کی تھی جس میں پاک امریکا تعلقات اور بلوچستان میں بھارتی مداخلت سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

گزشتہ کئی روز سے پاک افغان سرحد پر واقع علاقوں لنڈی کوتل طورخم پر افغان سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلسہ جاری ہے جس میں اب تک پاک فوج کا ایک میجر شہید جب کہ 10 اہلکار اور جوانوں سمیت 16 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔