افغانستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

Afghanistan, vs West Indies

Afghanistan, vs West Indies

ناگپور: افغانستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے والی ٹیم ویسٹ انڈیز کو 6 رنز سے شکست دے دی۔ ناگپور میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 117 رنز ہی بنا سکی۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان اور محمد نبی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ امیر حمزہ، حامد حسن اور گلبدین نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم کے لئے سپر10 کے آخری میچ میں افغان ٹیم کے ہاتھوں شکست ایونٹ کا پہلا بڑا اپ سیٹ ہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈیوان براوو 28 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹسمین رہے جب کہ جانسن چارلس 22، ایون لیوس صفر، مارلن سیموئلز 11، دنیش رامدین 18، آندرے رسلز 7، کپتان ڈیرن سیمی 6 اور کارلوس بریتھ ویٹ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آندرے فلیچر 11 اورسیموئل بدری 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم نے نجیب اللہ زدران کے 48 رنز کی بدولت 123 رنز بنائے جب کہ محمد شہزار 24 اور کپتان اصغر ستنکزائی 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور 5 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیموئل بدری نے 3، آندرے رسلز 2، سلیمان بین اور ڈیرن سیمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پرنجیب اللہ زدران کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔