افغانستان سے بازیاب علی حیدر گیلانی 3 سال بعد اپنے گھر پہنچ گئے

 Ali Haider Gilani

Ali Haider Gilani

لاہور (جیوڈیسک) افغانستان سے بازیاب ہونے والے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی 3 سال بعد لاہور پہنچ گئے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی وزیراعظم کے خصوصی طیارے میں کابل ایئرپورٹ سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو انتہائی جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ علی حیدر گیلانی طیارے سے اترنے کے بعد سجدہ ریز ہوگئے اور جب والدہ اور اہلیہ سے ملے تو انہوں نے انہیں گلے لگالیا اور کافی دیر تک خوشی کے مارے روتے رہے۔ جذباتی مناظر دیکھتے ہوئے گئے ایئرپورٹ پر موجود ان کے دیگر رشتہ دار پر آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکے۔ لاہوراورملتان میں گیلانی ہاؤس کے باہر بھی جیالوں کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کی جارہی ہیں جب کہ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل علی حیدر گیلانی کے ہم شکل بھائی علی قاسم گیلانی ان کو لینے کابل ایئرپورٹ پہنچے جہاں افغان حکام نے علی حیدرگیلانی کو پاکستانی سفیر کے حوالے کیا۔

واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کو عام انتخابات سے دو روز قبل 9 مئی 2013 کو انتخابی مہم کے دوران اغوا کرلیا گیا تھا جب کہ افغانستان اور نیٹو فورسز نے افغان صوبے غزنی میں کارروائی کرتے ہوئے علی حیدرگیلانی کو بازیاب کرایا تھا جب کہ افغان سفیر نے اس حوالے سے بذریعہ فون سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو کل صبح 11 بجے آگاہ کیا۔