افغانستان میں فوجی آپریشن اور مذاکرات کے ذریعے ہی امن ممکن ہے، ملیحہ لودھی

Maliha Lodhi

Maliha Lodhi

نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن فوجی آپریشن اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

اپنے ایک بیان میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جنرل اسمبلی میں افغانستان میں دوبارہ امن کی بحالی پر زور دیا جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے بھی پیرس میں ہونے والی ماحولیاتی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے زور دیا کہ افغانستان میں جاری جنگ کا سیاسی حل نکالا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے لیے افغان حکومت کی مدد کو تیار ہے لیکن امن مذاکرات کی بحالی کے لئے افغان حکومت کو اسلام آباد سے باضابطہ درخواست کرنی ہوگی۔ افغان حکومت کو بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور افغانستان کو پاکستان کے خلاف بیانات بند کرنے ہوں گے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کرتے وقت افغان حکومت سے تعاون کا کہا تھا، افغان حکام سے کہا تھا کہ افغانستان فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ختم کیا جائے، افغانستان کو بھی دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے چاہیئں۔