افغانستان میں خودکش حملے اور فضائی کارروائیوں میں 40 پولیس اہلکاروں سمیت 110 افراد ہلاک

Suicide Attacks

Suicide Attacks

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے خود کش حملے اور امریکی فوج کی فضائی کارروائی کے دوران 40 پولیس اہلکاروں سمیت 110 سے زائد افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے پغمان میں پولیس کے قافلے پر یکے بعد دیگرے دو خودکش حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں 40 اہلکار ہلاک جب کہ 27 زخمی ہوگئے۔ افغان وزارت داخلہ کے حکام کاکہنا تھا کہ بسوں میں سوار پولیس اہلکاروں نے ابھی اپنی تربیت مکمل کی تھی اور انہیں کہیں تعینات نہیں کیا گیا تھا۔

دوسری جانب افغان فوج کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صوبہ نورستان کے ضلع کمدیش میں درجنوں طالبان نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا جس کے جواب میں بھرپور کارروائی کی گئی، اس آپریشن میں امریکی اور افغان فضائیہ نے بھی حصہ لیا، کارروائی کے نتیجے میں 73 طالبان ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ علاقے میں کارروائی اب بھی جاری ہے۔

واضھ رہے کہ رمضان المبارک کے دوران ہی کابل میں نیپال سے تعلق رکھنے والے نجی سیکیورٹی گارڈز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔