افغانستان کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنا چاہ رہی ہے : شہریار خان

Shahryar Khan

Shahryar Khan

کوئٹہ (جیوڈیسک) چیئرمین پی سی بی شہریار خان کہتے ہیں کہ افغانستان کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنا چاہ رہی ہے، افغان ٹیم کو کھیلنے کیلئے 4 گراونڈ تجویز کیے جائیں گے۔ کوئٹہ کے نواب اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حالات بہتر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کوئٹہ میں فرسٹ کلاس کرکٹ شروع کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنا چاہ رہی ہے انہیں پاکستان میں 4 گراونڈز تجویز کیے جائیں گے جن میں سے ایک کوئٹہ کا گراونڈ ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی پر قابو پا لیا گیا ہے، انٹر نیشنل کرکٹ کے لیے ماحول سازگار ہے کرکٹ کے حوالے سے تمام تحفظات دور کیے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے بچے باصلاحیت ہیں یہاں کے 99 فیصد بچوں نے کرکٹ گلی کوچوں میں سیکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ان بچوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی اور انہیں اپنے صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا پورا موقع دیا جائے گا ۔ چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی کے دہشت گردی پر قابو پا لیا گیا ہے۔

اب وقت ہے کہ یہاں انٹرنیشنل کرکٹ چمپین شپ کرائی جائے جس کے لیے وزیر اعلی بلوچستان، آئی جی ایف سی اور کمانڈر سدر کمانڈ لیفٹینٹ جنرل عامر ریاض سے ملاقات کی ہے اور انہیں ضلعی سطح پر گراونڈز کی تعمیر کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا ہے۔