افغان حکومت دہشتگردوں کو پاکستان کے خلاف شہہ دینے کی بجائے اپنی اصلاح کرے۔ زاہد حبیب

Terrorist

Terrorist

لاہور : سنی تحریک کے صوبائی رہنما محمد زاہد حبیب قاد ری نے کہا ہے کہ افغان حکومت دہشتگردوں کو پا کستان کے خلاف شہہ دینے کی بجائے اپنی اصلاح کرے۔امریکہ اور بھارت مل کر افغانستان سے پا کستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔

پاک سر زمین کے خلاف گڑھے کھودنے والے امریکہ اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑے گی۔عالمی برادری دہشتگردی کے خلاف پا کستان کی قربانیوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔امریکہ ہماری جدو جہد ور قربانی کو فراموش کر چکا ہے۔

افغانستان میں ہاری ہوئی جنگ کا انتقام امریکہ پا کستان سے لینے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔پا کستان کے حساس مقامات ،سکیورٹی اداروں اور نہتے نمازیوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنا کر امریکہ اور اس کے حواری جنگی جرائم کر رہے ہیں۔

پا کستان پر مسلط کی گئی جنگ انشاء اللہ پا کستان ہی جیتے گا۔انہوں نے کہاکہ افغان صدر اشرف غنی کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں مگر یہ محض بیان کی حد تک نہ ہو۔