آفریدی کے کپتان بنتے ہی سلہٹ اسٹارز جگمگا گئے

Shahid Afridi Sylhet Stars

Shahid Afridi Sylhet Stars

ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیش پریمیئرلیگ میں آفریدی کے کپتان بنتے ہی سلہٹ سپر اسٹارز میں بجلیاں کوندنے لگیں، بارسل بلز کو ایونٹ کے کمترین اسکور صرف 58 رنز پر پٹخ دیا۔

تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے بطور کپتان اپنے پہلے ہی مقابلے میں سلہٹ سپر اسٹارز کو بارسل بلز پر 9 وکٹ سے فتح دلادی۔ یہ اس ٹیم کی ایونٹ میں اب تک 7 میچز میں دوسری کامیابی ہے۔

بارسل بلز کو ٹیم جوائن کرنے والے سپر اسٹار کرس گیل کی موجودگی سے کوئی بھی فائدہ نہیں ہوا اور وہ 16 اوورز میں ایونٹ کے کمتر ٹوٹل 58 رنز پر ڈھیر ہوگئی، محمد سمیع نے سب سے زیادہ 16 اور ایون لیوس نے 12 رنز بنائے، تیسرا بڑا انفرادی اسکور کرس گیل کا تھا جوکہ صرف 8 رنز ہی بنا پائے۔ روی بوپارا نے 3 جب کہ آفریدی، محمد شاہد اور روبیل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں سپر اسٹارز نے 11.2 اوورز میں ایک ہی وکٹ کے نقصان پر ہدف عبور کرلیا، جنید صدیقی 34 اور نورالحسن 23 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، دلشان مونا ویرا پہلے ہی اوور میں بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔

دوسرے میچ میں رنگپور رائیڈرز نے ڈھاکا ڈائنامائٹس کے خلاف 6 وکٹ سے کامیابی پائی۔ اس نے 136 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں 4 وکٹ پر حاصل کیا، ظہورالاسلام 35 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ڈیرن سیمی نے 23 اور سومیہ سرکار نے 21 رنز بنائے، لینڈل سائمنز نے بھی 18 رنز اسکور کیے، ڈھاکا نے 23 رنز ایکسٹراز کی مد میں عطیہ کیے۔

ابوالحسن نے دو وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے ڈھاکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹ پر 135 رنز بنائے، ناصر حسین نے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے، 3 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ عرفات سنی نے دو وکٹیں لیں۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی رنگپور کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی، اس کے ٹاپ پر موجود کومیلا وکٹورینز اور تیسرے نمبر کی ٹیم بارسل کے برابر ہی 10 پوائنٹس ہیں۔