شکیل آفریدی کے معاملے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان کو ڈکٹیٹ کرنے کا حق نہیں، چوہدری نثار

 Nisar

Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ شکیل آفریدی کی قسمت کا فیصلہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے نہیں کرنا بلکہ پاکستانی عدالتوں نے کرنا ہے۔

ری پبلکن پارٹی کی جانب سے نامزد امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کی نوآبادی نہیں لہٰذا ڈونلڈ ٹرمپ کو خودمختار ممالک کے ساتھ احترام سے پیش آنا چاہیے کیونکہ شکیل آفریدی پاکستانی شہری ہیں لہٰذا کسی دوسرے کو اس بات کا حق نہیں پہنچتا کہ وہ ہمیں اس بارے میں ہدایات جاری کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ برسوں سے امریکی پالیسیوں کی حمایت میں پاکستان اور اس کی عوام کی جانب سے بڑے پیمانے پر دی گئی قربانیوں سے ڈونلڈ ٹرمپ بے خبر ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا کے ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان دیا تھا کہ میرے صدر بنتے ہی ڈاکٹر شکیل آفریدی امریکا میں ہوگا۔