جولائی تا اپریل 368.7 ارب روپے کے زرعی قرضوں کا اجرا

Pak Rupees

Pak Rupees

کراچی (جیوڈیسک) مالی سال 2015 کے ابتدائی 10 مہینوں میں زرعی قرضوں کی تقسیم بڑھ کر 368.7 ارب روپے ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال (جولائی 2014 تا اپریل 2015) کے ابتدائی 10 مہینوں کے دوران بینکوں نے 368.7 ارب روپے کے زرعی قرضے تقسیم کیے جو 500 ارب روپے کے مجموعی سالانہ ہدف کا 73.7 فیصد اور گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی تقسیم کردہ رقم 288.4 ارب روپے سے 28 فیصد زیادہ ہے۔

زرعی قرضے کا واجب الادا پورٹ فولیو35.6 ارب روپے یا 12.7 فیصد بڑھ گیا ہے یعنی پچھلے سال کی اسی مدت کے 280.7 ارب روپے سے بڑھ کر آخر اپریل 2015 میں 316.3 ارب روپے ہوگیا۔ پانچ بڑے بینکوں نے بطور گروپ 186.9 ارب روپے یا اپنے سالانہ ہدف کا 74 فیصد اور دو تخصیصی بینکوں (زیڈ ٹی بی ایل اور پی پی سی بی ایل) نے بھی 71.2 ارب روپے یا اپنے 101.5 ارب روپے کے ہدف کا 70.1 فیصد تقسیم کیا۔پندرہ ملکی نجی بینکوں نے مجموعی طور پر اپنے 115.6 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 81.8 ارب روپے یا اپنے ہدف کا 70.8 فیصد تقسیم کیا۔

آٹھ مائیکروفنانس بینک اپنے سالانہ اہداف میں سے 24.2 ارب روپے یا 85.9فیصد تقسیم کر چکے ہیں جبکہ چار اسلامی بینک بطور گروپ پہلے ہی اپنے سالانہ اہداف سے تجاوز کر چکے ہیں اور انہوں نے زیر جائزہ مدت میں 2.3 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 4.6 ارب روپے تقسیم کیے تھے۔ پانچ بڑے بینکوں میں حبیب بینک لمیٹڈ نے اپنے سالانہ ہدف کا 85.8 فیصد، ایم سی بی بینک نے اپنے سالانہ ہدف کا 83.8فیصد حاصل کرلیا۔

یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے 81.3 فیصد، نیشنل بینک آف پاکستان 63.4 فیصد جبکہ الائیڈ بینک لمیٹڈ اپنے ہدف کا صرف 55.5 فیصد حاصل کر سکا۔
تخصیصی بینکوں میں زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ نے 64.8 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے جو اس کے 90.0 ارب روپے کے ہدف کا 72فیصد ہے جبکہ پنجاب پراونشل کو آپریٹو بینک لمیٹڈ نے زیر جائزہ مدت کے دوران6.3 ارب روپے تقسیم کر کے اپنے 11.5 ارب روپے کے ہدف کا56 فیصد حاصل کر لیا۔

جولائی تا اپریل 2015 کے دوران پندرہ ملکی نجی بینکوں میں سے بینک آف خیبر نے اپنے سالانہ ہدف کا 92.6 فیصد، فیصل بینک نے 92فیصد، جے ایس بینک نے 90.2 فیصد، این آ ئی بی بینک نے 64.7 فیصد، سندھ بینک نے 62.8 فیصد، بینک الحبیب نے 59.6 فیصد، بینک الفلاح نے 58.7 فیصد، سونیری بینک نے 55.2 فیصد، بینک آف پنجاب نے 54.5 فیصد، سلک بینک نے 54.2 فیصد، سمٹ بینک نے 52.9 فیصد، حبیب میٹرو پولیٹن بینک 52.1 فیصد جبکہ عسکری بینک اپنے سالانہ ہدف کا صرف 43.5 فیصد حاصل کر سکا۔ تاہم اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پہلے ہی اپنے سالانہ ہدف 2.5 ارب روپے سے تجاوز کر کے 5.8 ارب روپے تقسیم کر چکا ہے۔