زراعت پر لاگو سیلز ٹیکس ختم نہ کرکے حکومت کسان دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے، ڈاکٹرعبدالجبار

Jhang

Jhang

جھنگ ( پ ر) زراعت پر لاگو سیلز ٹیکس ختم نہ کرکے حکومت کسان دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان کسان بورڈ پنجاب اور جماعت اسلامی ضلع جھنگ کے سینئر رہنما اور NA-89جھنگ سے امیدوار قومی اسمبلی ڈاکٹر عبدالجبارخان نے اپنے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کیا۔

انہوں نے حالیہ وفاقی اور صوبائی بجٹ پر اپنے تحفظات پیش کرتے ہوئے کہا کہ زرعی مداخل ، زرعی ادویات ، بجلی پر کوئی سبسڈی نہیں دی گئی ۔ جب تک حکمران زراعت کو اپنی ترجیحات میں پہلے نمبرپرنہیں رکھیں گے اس وقت تک ملکی معیشت بہتر نہ ہوسکے گی۔ زراعت ہی کی بدولت صنعتوں کا پہیہ رواں دواں ہے ، پانی کی قلت دور کرنے کیلئے ڈیموں کی ترقی کیلئے مناسب فنڈز رکھے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کوکمزور کرنے کی پالیسیاں اپنا رکھی ہیں۔ حکومت کی طرف سے زرعی لوازمات پر سیلز ٹیکس ختم نہ کرنے اور ڈیموں کی ترقی کیلئے مناسب فنڈز نہ رکھنے سے کاشتکار کمیونٹی حکومت سے مایوس ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت کسانوں کے ساتھ مخلص ہے تو زرعی قرضہ جات پر سود کو ختم اور زرعی ٹیوب ویل کیلئے بجلی کے فلیٹ ریٹ مقرر کرے۔