اکشے کمار کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر روک لیا گیا

Akshay Kumar

Akshay Kumar

لندن (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پرامیگریشن حکام نے پوچھ گچھ کے لئے روک لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار اکشے کمار ممبئی سے لندن کے ہتھرو ایئرپورٹ پہنچے جہاں امیگریشن حکام نے درست ویزا نہ ہونے کے باعث انہیں پوچھ گچھ کے لئے روک لیا۔ اداکار اپنی نئی آنے والی فلم رستم کی شوٹنگ کے لئے 15 روز کے لئے لندن گئے تھے جہاں ائیرپورٹ پر امیگریشن حکام نے درست ویزا نہ ہونے کی بنا پر انہیں 2 گھنٹے تک حراستی مقام پر پوچھ گچھ کے لئے روکے رکھا۔

برطانوی قانون کے مطابق کینیڈین شہری بغیر ویزا کے برطانیہ کا سفر کر سکتے ہیں لیکن جب اداکار سے بغیر ویزا کے برطانیہ آنے سے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس مکمل دستاویزات ہیں اور وہ شوٹنگ کی غرض سے برطانیہ آئے ہیں۔

اداکار اکشے کمار نے امیگریشن حکام سے درخواست کی کہ انہیں کسی اور مقام پر لے جایا جائے تاہم حکام نے ان کی درخواست یہ کہہ کر مسترد کر دی کہ ان کے پاس ویلڈ ویزا نہیں اس لئے انہیں حراستی مرکز میں ہی رہنا ہوگا جس کے بعد ان سے تقریباً 2 گھنٹے تک پوچھ گچھ کا عمل جاری رہا۔