الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور آئی ایچ ایچ کے زیراہتمام یتیموں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے خصوصی تقریب

Al-Khidmat Foundation Pakistan

Al-Khidmat Foundation Pakistan

اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور آئی ایچ ایچ کے زیراہتمام یتیموں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں 600 سے زائد الخدمت کے کفالت شدہ بچوں، بیواؤں اور ترکی سے آئی ایچ ایچ اور ٹکا کے وفود نے شرکت کی۔تقریب میں یتیم بچوں کی جانب سے ملی نغمے پیش کئے گئے اور بچوں کی پرفارمنس پر ترکی سے آئے وفد کے اراکین بچوں میں گھل مل گئے۔

بچوں کو گود میں اٹھا کر تصاویر بنائیں اور انھیں پیار کیا۔ تقریب کے آغاز ترکی اور پاکستان کے قومی ترانے بجا کر کیا گیا۔ الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے صدر میاں عبد الشکور نے کہا ہے کہ مجھے معلوم ہے کہ والد سے محروم بچوں کی مائیں کیا سوچتی ہیں۔ اللہ نے اپنے نبی کا اچھا مقام عطا کیا۔ مائیں اگر اپنے بچوں کی اچھی تربیت کریں گی تو وہ اچھے انسان بنیں گے۔ بچوں کو تعلیم اور اچھے اخلاق کی درس دیں۔ ہمیں مل کر اپنے ماحول میں اچھی صورتیں پیدا کرنی ہیں۔ الخدمت فاونڈیشن ایسے بچوں کی ماوں کو صحت، تعلیم اور بچوں کی پرورش کا طریقہ سیکھائیں گے۔ ماؤں کو سکھائیں گے کہ یتیم بچوں کے ساتھ کیسا رویہ اختیار کرنا ہے۔ ہم یتیم بچوں کو اپنی آنکھوں کے سامنے پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم ہنر مند ماوں کے لئے قرض حسنہ فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم پورے ملک میں 7,000 یتیم بچوں کی کفالت کر رہے ہیں۔اس موقع پر یتیم بچے،انکی مائیں، ترکی سے آئی ایچ ایچ کا16 رکنی وفد، ٹکا کا وفد، الخدمت کے ذمہ داران اور میڈیا کی بڑی تعدا دنے شرکت کی۔

ترکی سے آئے آئی ایچ ایچ کے وفد کے سربراہ عبدالباقی مراد نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان آنے کا مقصد اپنے بھائیوں اور دوستوں سے ملنا ہے،ترکی کے عوام پاکستانی عوام کو بہت پسند کرتے ہیں۔ علامہ اقبال نے ایک بار حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا، علامہ اقبال نے کہا تھا کہ ترکی کی جنگ آزادی کے شہدا کا خون لایا ہوں۔ پاکستانی بہن بھائیوں نے ہمیں آزادی کی جنگ میں بہت مدد کی۔ ہم پاکستانی عوام کے مشکل دنوں میں ساتھ رہے اور رہیں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ ایک د وسرے کے بھائی کبھی مایوس نہیں کرتے۔ تقریب کے اختتام پر اسکول میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں شیلڈز اور اسناد بھی تقسیم کی گئیں اور بیواؤں میں 100 سلائی مشینیں بھی تقسیم کی گئیں۔