آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ٹیم کی شاندار کامیابی

NBP Football Tournament

NBP Football Tournament

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب سعود آباد ملیر کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کے لیگ میچ میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ٹیم نے اپنے عمدہ کھیل کی بدولت مد مقابل مضبوط حریف آل برادرز کو 4-2سے شکست دیدی آل برادرز کو اس وقت کامیابی ملی جب کھیل کے چھٹے منٹ میں عمر فاروق نے ایک فول کک پر خوبصورت گول اسکور کیا لیکن یہ برتری کھیل کے 13ویں منٹ میں ختم ہوگئی۔

جب کے پی ٹی کے سلال نے گول اسکور کردیا کے پی ٹی نے کھیل میں مزید بہتری پیدا کرتے ہوئے حملے جاری رکھے اور کھیل کے 18ویں منٹ میں کے پی ٹی کی جانب سے جنید نے اور 32ویں منٹ میں وسیم اور 40ویں منٹ میں ایک بار پھر جنید نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلادی تاہم دوسرے ہاف میں مقابلہ سخت رہا اور دونوں ٹیموں نے مزید ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کے لئے بھر پور حملوں کا سلسلہ جاری رکھا آخری لمحات میں آل برادرز کی جانب سے موسیٰ نے مزید ایک گول کرکے مقابلہ 4-2کردیا۔

میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر کے سیکریٹری شاہد تاج سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،آفیشل کالونی اسپورٹس حاجی امیر خان ،ایم خالد اور دیگر موجود تھے کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض انیس اختر بلوچ ،سراج الدین طالب ،،عبدالطیف بلوچ اور جمیل ناز نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایم خالد نیشنل بنک اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔