الطاف حسین پر تنقید کرنے والے فوج کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کر چکے ہیں، رابطہ کمیٹی

MQM Coordination Committy

MQM Coordination Committy

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ غیرملکی قوتیں بالخصوص بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ صوبہ بلوچستان،سندھ ،فاٹا اور ملک کے دیگر حصوں میں مداخلت کرکے انتشار پھیلا کر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ارکان کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان میں امن وامان کی کشیدہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں غیرملکی مداخلت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں الطاف حسین کی حالیہ تقریر پر بعض سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے بیہودہ بیانات اور اسمبلیوں میں مذمتی قراردادوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ آج جو سیاسی مخالفین الطاف حسین کی تقریر پر بے جا تنقید کررہے ہیں ان میں سے بیشترنے مختلف مواقعوں پرفوج کے بارے میں توہین آمیزالفاظ استعمال کئے جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم تمام تر رکاوٹوں اور مخالفتوں کے باوجود قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں قائداعظم محمد علی جناح ؒ اور علامہ اقبال کی تعلیمات کے مطابق پاکستان کو روشن خیال، لبرل، جمہوری اور ترقی پسند ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی اور ایک دن ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ ہوگا اور پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔

اجلاس کے اختتام پر پاکستان کے استحکام، دہشت گردی کے خاتمے اورآپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لئے دعا کی گئی اوراس عزم کو دہرایا گیا کہ پاکستان کی سربلندی اور تحریکی مشن و مقصد کے حصول کے لئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔