امریکا کراچی میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، جوناتھن کارپینٹر

Jonathan Carpenters

Jonathan Carpenters

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کے نائب نمائندہ خصوصی جوناتھن کارپینٹر کا کہنا ہے کہ امریکا شمالی وزیرستان اور کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے جب کہ دہشتگردی کے خلاف حکومتی اقدامات سے پاکستانی معیشت میں بہتری آئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے نائب نمائندہ خصوصی جوناتھن کارپینٹر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ امریکا کے تعلقات میں اضافہ ہورہا ہے اور دونوں ملک تعلقات میں مزید بہتری کے نئے مواقع تلاش کررہے ہیں جب کہ ہم نے پاکستان کے ساتھ بتدریج مثبت ،مفید اور دوستانہ تعلقات قائم کئے ہیں۔

جوناتھن کارپینٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی وجہ سے پاکستانی معیشت میں بہتری آئی ہے جب کہ امریکا پاکستان میں انسداد دہشت گرد کے جاری قومی لائحہ عمل اور شمالی وزیرستان اور کراچی میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔