امریکا اور پاکستان افغان مصالحتی عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں، سرتاج عزیز

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے افغان حکومت نے پاکستان سے کوئی رابطہ نہیں کیا تاہم امریکا اور پاکستان افغان مصالحتی عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے افغان حکومت نے پاکستان سے کوئی رابطہ نہیں کیا تاہم امریکا اور پاکستان افغان مصالحتی عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور دونوں ممالک چاہتے ہیں کہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ افغان حکومت پر منحصر ہے کہ وہ اس عمل کو جاری رکھنا چاہتی ہے یا نہیں۔

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو افغانستان کی صورتحال پر تشویش ہے اور کوئی بھی عالمی طاقت افغانستان میں جنگ نہیں چاہتی جب کہ اس سلسلے میں پاکستان کا موقف بھی واضح ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے نہیں دے گا۔

ایک سوال کے جواب میں مشیرخارجہ نے کہا اگرچہ طالبان پر پاکستان کا کچھ اثر ورسوخ ہے تاہم ان کے اوپر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں جب کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ افغان حکومت کو کرنا ہے اور ہم اس سلسلے میں محض سہولت کار کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔