امریکا کے پاکستان کو ایف 16 طیارے فروخت کرنے پر بھارت کو تکلیف ہوگئی

Vikas Swarup

Vikas Swarup

نئی دلی (جیوڈیسک) امریکا کی جانب سے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت کے فیصلے پر بھارت کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگے ہیں اور اب اس نے الزام عائد کردیئے ہیں کہ ا مریکا کی جانب سے ملنے والے یہ طیارے دہشت گردی کے خلاف نہیں بلکہ ان کے خلاف استعمال ہوں گے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے سماجی رابے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو ایف 16 طیارے فروخت کیے جانے کے سلسلے میں اوباما انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے سے مایوس ہوا ہے۔

بھارت امریکا کے اس خیال سے اتفاق نہیں رکھتا ہے کہ ان طیاروں کی فروخت سے انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی۔ ہم امریکی سفیر کو بلا کر اپنی ناراضگی ظاہر کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز پاکستان کو 8 جدید ترین ایف 16 طیارے فروخت کرنے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ ان طیاروں سے پاک فضائیہ کو ہر قسم کے موسم اور ماحول کے علاوہ رات میں بھی پرواز کرنے کی سہولت میسر ہوگی جس سے مسلح افواج کو دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں مدد ملے گی۔