امریکا میں شدید طوفان، چار فوجیوں سمیت 43 افراد ہلاک، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

America Storm

America Storm

میسوری (جیوڈیسک) امریکی ریاستوں میں آنے والے سیلابوں، بگولوں اور برفانی طوفانوں کی وجہ سے سینکڑوں مکانات تباہ اور نقل و حمل کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ قدرتی آفات سے اب تک 43 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں چار امریکی فوجی بھی شامل ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست الیانائے میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے دو بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ ٹیکسس میں11 افراد بگولوں کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے جبکہ پانچ افراد موٹروے پر طوفان کے باعث گاڑی الٹ جانے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ میسوری، اوکلہاما اور نیو میکسیکو میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔

جنوبی ڈیلس میں مکمل تباہی ہے جہاں چرچ تباہ اور درخت اکھڑ گئے ہیں۔ کم از کم 30 ہزار افراد کو بجلی کی سہولیات میسر نہیں اور کئی مقامات پر گیس کے پائپ پھٹنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ حکام کے مطابق ٹیکسس اور نیو میکسیکو میں شدید برف باری کا امکان ہے جہاں 16 انچ تک برف پڑ سکتی ہے۔