اقوام متحدہ، امریکہ اور اس کے حواری لاکھوں انسانوں کے قتل میں برابر کے شریک ہیں، خالد صدیقی

Protest

Protest

کراچی (پ ر) نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی نے کہا ہے کہ عالم عرب میں آمریت کے خلاف عوام کی پُرامن احتجاجی تحریک کو حکمرانوں نے پُرتشدد بنا کر اپنا شمار فرعونوں میں کرلیا۔ آج شام وہ بدقسمت ملک ہے جس کی عوام کے بہنے والے خون کے دھبے بشار الاسد کے دامن پر ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی علاقہ عبدالعزیز کے تحت جامع مسجد عبدالعزیز سیکٹر 5M اور اکبری مسجد سیکٹر 5D میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5سال میں ڈیڑھ لاکھ بچوں سمیت مرد و خواتین کا خون اور 2 کروڑ انسانوں کی ہجرت امن کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

جانوروں کے تحفظ کے لئے پریشان اقوام متحدہ، امریکہ اور اس کے حواری لاکھوں انسانوں کے قتل میں برابر کے شریک ہیں، شام کے مسلمانوں کے قتل عام کے لئے امریکہ، روس، بشار الاسد نے اتحاد کرلیا ہے اور یہ سب اس خطے میں اسرائیل کی بالادستی کے لئے ہے۔ مسلم ممالک کو ہوش کے ناخن لینا چاہئے کہ کس طرح ایک ایک کرکے اسلامی ممالک کو کمزور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شام کے مسلمانوں پر جاری بمباری پر اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی نا قابل برداشت ہے، مسلم حکمران شام کے مظلوم مسلمانوں پر ڈھائے جا نے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں اور بشار الاسد حکومت کے مظالم کے خلاف میدان عمل میں آئیں۔

نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیشی وزیراعظم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حسینہ واجد نے پاکستان دشمنی میں ظلم کی انتہا کر دی ہے اور جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر کو سزائے موت دینے کی تیاری کر رہی ہیں، افسوس اس بات پر ہے کہ پاکستان کے حکمرانوں اور آئی ایس پی آر کو عالمی سطح پر اس معاملے کو رکھنا چاہئے کیونکہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش پاکستان سے محبت کی سزا بھگت رہی ہے۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320