امریکی شہر اورلینڈو کے نائٹ کلب میں فائرنگ، 50 افراد ہلاک، 53 زخمی

America Incident

America Incident

اورلینڈو (جیوڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کے ایک نائٹ کلب میں حملہ آور کی فائرنگ سے اب تک 50 افراد ہلاک جبکہ 53 زخمی ہو چکے ہیں۔

حملہ مقامی وقت کے مطابق رات دو بجے ہوا، جب ایک حملہ آور نے کلب میں گھس کر وہاں موجود لوگوں کو قتل کرنا شروع کر دیا جبکہ سینکڑوں افراد کو یرغمال بنا لیا۔ پولیس نے تقریباً 3 گھنٹے بعد کارروائی کرکے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔

یاد رہے جمعہ کے روز اورلینڈو میں ہی گلوکارہ کرسٹینا گریمی کو ایک کنسرٹ کے بعد اپنے مداحوں کو آٹو گراف دیتے ہوئے ایک مسلح شخص نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور افغان نژاد امریکی شہری تھا اور اس کا نام عمر متین تھا۔

دہشتگردی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے، فائر بریگیڈز کی گاڑیاں اور امدادی کارکن بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو کا کام شروع کر دیا۔ فائرنگ کے واقعے میں ہلاک افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب اپنے پیاروں کے بارے میں فکر مند افراد ہسپتالوں کے چکر لگا رہے ہیں تاکہ انھیں ان کے بارے میں کوئی اطلاع مل سکے۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں امریکی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ صبح اٹھتے ہی فائرنگ کی افسوسناک خبر ملی واقعہ کے متاثرین کے ساتھ مکمل ہمدردی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اظہار افسوس کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ ایسے واقعات کب رکیں گے۔