عامر کو ٹیم میں لانے کی کوششوں پر میانداد سخت برہم

Javed Miandad

Javed Miandad

کراچی (جیوڈیسک) اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پیسر محمد عامرکو ٹیم میں لانے کی کوششوں پر سابق کپتان جاوید میانداد سخت برہم ہیں، انھوں نے کہا کہ سزا یافتہ کھلاڑی کو دوبارہ موقع دیکرپاکستان کی عزت داؤ پرلگائی جارہی ہے۔

’’گفتگو کرتے ہوئے میانداد نے کہاکہ محمد عامرکوکھیلنے کے مواقع فراہم کرکے ہم دنیا کو آخر کیا پیغام دے رہے ہیں؟ اگر ہم نے اب سخت موقف نہیں اپنایا تو پھر ہرکھلا ڑی اس طرح کی حرکت کریگا، اسے معلوم ہوگا کہ زیادہ سے زیادہ سزا ہی ملے گی جو پوری کرکے دوبارہ میدان میں آجائینگے، سابق قومی کپتان نے کہاکہ سزا یافتہ کرکٹر کو موقع دیکر ہم 18 کر وڑ عوام کی عزت داؤ پر لگار ہے ہیں۔

اگر عامر قومی اسکواڈ کاحصہ بن بھی جاتے ہیں اور دورے کیلیے متعلقہ ملک کے سفارتخانے نے ویزا جاری کرنے سے انکارکردیا تو اس سے بھی دنیا بھر میں ملک وقوم کی سخت سبکی ہوگی، پی سی بی کے سابق ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ہم دنیامیں عامر کے حوالے سے انتہائی غلط پیغام دے رہے ہیں، میں پیسرکیخلاف نہیں لیکن اس نے غلطی کی جس کی سزا بھی ملی،اب عامر کو کرکٹ سے دور ہو جانا چاہیے۔