امیتابھ اور جیا بچن کی خوشگوار ازدواجی زندگی کے 43 برس بیت گئے

Amitabh and Jaya Bachchan

Amitabh and Jaya Bachchan

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی فلم انڈسڑی کے میگا سٹار امیتابھ بچن اور ان کی اہلیہ جیا بچن کی شادی 3 جون 1973ء کو انجام پائی تھی۔ شادی کی 43ویں سالگرہ پر اپنے مداحوں کے نام پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ آج جیا اور میرے درمیان قائم رشتے کا ایک اور سال بیت گیا۔

جیا میری زندگی کی بہترین ساتھی ہیں۔ ہم نے زندگی کی کئی بہاریں غم اور خوشی ایک ساتھ دیکھے ہیں۔ بالی وڈ پر راج کرنے والے اداکار امیتابھ نے اپنی شادی کی 40ویں سالگرہ پر لکھے ایک بلاگ میں بتایا تھا کہ فلم ’’زنجیر ‘‘کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر فلم کامیاب ہو گئی تو وہ دونوں شادی کر لیں گے ورنہ دونوں کی راہیں جدا ہو جائیں گی لیکن ’’زنجیر ‘‘نے ان دونوں کو ایک ساتھ باندھ دیا۔

3 جون 1973ء کو ممبئی میں ان دونوں ستاروں کے درمیان شادی انجام پائی۔ شادی کی تقریب میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ امیتابھ بچن کی پہلی ہٹ فلم ’’زنجیر‘‘ تھی جو 1973ء میں ریلیز ہوئی لیکن جیا بچن اس وقت ایک کامیاب اداکارہ تسلیم کی جاتی تھیں۔

اس فلمی جوڑے نے ابھیمان، چپکے چپکے، شعلے اور زنجیر میں ایک ساتھ کام کیا۔ اس کے علاوہ ’’کبھی خوشی کبھی غم ‘‘میں بھی اداکار جوڑا ایک ساتھ بڑی سکرین پر جلوہ گر ہوا۔