انیل کپورکی پاکستانی ڈراموں اورفلموں میں کام کرنے کی خواہش

Anil Kapoor

Anil Kapoor

میڈرڈ (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے سپراسٹارانیل کپور نے پاکستانی ڈراموں اورفلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

انیل کپورنے بطور چائلڈ اداکارفلم نگری میں قدم رکھا اور1982 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’شکتی‘‘ سے فلمی کیرئیر کا آغازکیا لیکن انہیں شہرت فلم ’’مسٹر انڈیا‘‘ اور ’’رام لکھن‘‘ سے ملی جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑکرنہیں دیکھا اور کئی بلاک بسٹر فلموں میں ادکاری کے جوہر دکھائے جب کہ انیل کپوراداکاری کے ساتھ ساتھ فلمسازی اور چھوٹے پردے پر بھی قسمت آزمائی کرچکے ہیں اور وہاں بھی کامیابیاں سمیٹیں تاہم اب بھارتی فلم نگری کے لکھن نے پاکستانی انڈسٹری میں بھی قسمت آزمائی کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی فلم نگری کے دوسرے سب سے بڑے انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈ(آئیفا)کی تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اداکار انیل کپورکا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹی وی شوز اور فلموں میں کام کرنے کا خواہشمند ہوں کیوں کہ سب ہی فنکار ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں جس سے آپس میں محبتیں بڑھیں گی اورانڈسٹری کے حالات میں بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ اداکارہ کرینہ کپور، ودیا بالن سمیت متعدد اداکارپاکستانی فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔