برسی شہید ڈاکٹر نقوی، آئی ایس او نے رابطہ مہم تیز کر دی

ISO

ISO

لاہور : شہید وطن، سفیر انقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 22ویں برسی کی دو روزہ تقریب لاہور میں 4,5 مارچ کو علی رضاآباد ان کے مرقد پر منعقد ہو گی جس میں ہزاروں عاشقین شہید کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے دوروزہ رابطہ مہم کاآغاز کر دیا گیا۔ مرکزی جنرل سیکرٹری برادر انصر مہدی نے لاہور میں اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے بتایا کہ برسی سفیر انقلاب کے پہلے مرحلہ کاآغاز ہو گیا جس میں ملتان، سرگودھا ،فیصل آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں مرکزی نمائندگان وفد کے ہمراہ یونٹس میںکارکنان و سابقین آئی ایس او سے ملاقات کریں جس میں برسی کے لئے مدعو کیا جائے گا ۔ فیصل آباد ڈویژن کے دورہ میں مرکزی صدر برادر سید سرفراز نقوی اورسینئر برادر نثار ترمذی یونٹس کا دورہ کریں گے۔

انصر مہدی نے شرکاء اجلاس کو بتایا کہ شہید ڈاکٹرنقوی کی برسی کی رابطہ مہم میں ملک کے کونے کونے میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کی تقریب میں کارکنوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے کارنر میٹنگز کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ پمفلٹس، بینرز اور اسٹیکرز بھی جلد ملک بھر میں تقسیم کر دیئے جائیں گے۔

مرکزی جنرل سیکرٹری نے کہا 7 مارچ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی شہادت کا دن ہے، یہ وہ دن ہے جب پاکستان کی سرزمین پر انتہا پسندوں نے انسان دوست ڈاکٹر محمد علی نقوی کو دہشت گردی کا نشانہ بنا دیا۔برسی میں ملک بھر سے ہزاروں عاشقان شہید شرکت کر کے شہید سے کئے ہوئے عہد کی تجدید کریں گے ۔انصر مہدی کا کہنا تھا آئی ایس او پاکستان کے بانی رہنما شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ایک ایسی شخصیت تھے جنہوں نے قوم و ملت کے نوجوانوں کو بیدار کیا، یونیورسٹیز میں سیکولر نظریات سے نبرد آزما طلبا شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی نظریاتی فوج ہیں اور آئی ایس او کے نوجوان انقلابی افکار اور بیداری کا جذبہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے افکار سے لیتے ہیں۔