سالانہ عرس مبارک ولی کامل خواجہ پیر محمد نیک عالم قادری رحمة اللہ علیہ کی تقریبات کا انعقاد

گجرات : مرکز اہلسنت نیک آباد (مراڑیاںشریف) گجرات میں سالانہ معراج مصطفیۖ کانفرنس اور عرس مبارک ولی کامل خواجہ پیر محمد نیک عالم قادری رحمة اللہ علیہ کی تقریبات کا انعقاد۔ ہزاروں حضرات و خواتین کی بھرپور شرکت۔ صدارت حضرت مفتی محمد اشرف القادری، سرپرستی وقیادت حضرت پیر محمد افضل قادری اور خصوصی خطاب حضرت علامہ خادم حسین رضوی نے کیا۔

علماء کرام نے اپنے خطابات میں واقعہ معراج بیان کیا اور کہا کہ رسول اللہ ْۖ کے معجزات میں سے ایک عظیم ترین معجزہ معراج ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے سید الانبیاء ۖ کو مقامِ ”قاب قوسین ”پر فائز کر کے جنت، آسمان، عرش اور دیگر نشانیوں اور نظاروں کی سیر کرائی۔ یہ عظمت نہ کسی اور نبی رسول کو حاصل ہوئی اور نہ ہی کسی مقرب فرشتہ کو۔ جبکہ دنیا والوں کی پہنچ آسمان اول تک نہیں لیکن آپ ۖ ساتوں آسمانوں ،سدرة المنتہیٰ، 70ہزار حجابات اور عرش معلی کو عبور کر کے دیدار خداوندی سے فیض یاب ہوئے۔

اس موقع پر مفتی اعظم پاکستان حضر ت مفتی محمد اشرف القادری، پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری، شیخ الحدیث حضرت علامہ خادم حسین رضوی، صاحبزادہ عبد الرحمن اشرفی، صاحبزادہ صدیق افضل قادری، علامہ حنیف طاہر، علامہ قاری شاہد چشتی، مولانا غلام عباس، علامہ محمد صفدر ودیگر نے خطابات کئے۔ علماء نے کہا کہ قرآن وسنت سے واضح کیا کہ ولی اللہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ صحیح العقیدہ ہو، محبت نبوی وتعظیم رسول میں ڈوبا ہوا ہو، متقی پرہیز گار ہو، فرائض وواجبات وسنن کے بعد نفلی عبادات کثرت سے کرتا ہو۔

مرکز اہلسنت نیک آباد کے مورثِ اعلیٰ ولی کامل خواجہ پیر محمد نیک عالم قادری رحمة اللہ علیہ کے متعلق بتایا گیا کہ انہوں نے بر صغیر میں سینکڑوں جید علماء ِ دین تیار کئے اور بیشمار لوگوں کو راہ طریقت وتصوف کیلئے تیار فرمایا۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں درجنوں قرآن مجید کے قلمی نسخے لکھے جن میں سے چند آج بھی نیک آباد میں موجود ہیں۔ آپ کی دعا سے کئی خوش نصیب مسلمانوں کو زیارت نبویۖ ہوئی اور قحط کے موقع پر جب دعا فرماتے تو دعا یا نماز کے دوران بار ش ہونا شروع ہو جاتی۔ اس موقع پر حکومت سے وطن عزیز میں نظام مصطفی کے مکمل نفاذ اور فحاشی وبے حیائی کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا

جبکہ ایک اور قرارداد کے ذریعے مسلمانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ امت کی اصلاح کیلئے سب سے زیادہ علماء حق تیار کرنے پر زور دیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے ذریعے آئے روز مسلمانوں کی دل آزاری کی جاتی ہے اس گستاخی اور فکری دہشت گردی کے انسداد کیلئے مسلم ممالک کے حکمرانوں کو عالمی سطح پر قانون سازی کروانی ہوگی۔ علماء نے اعلان کیا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمارے دلوں سے رسول پاکۖ کی محبت نہیں نکال سکتی۔ امت مسلمہ کا بچہ بچہ رسول اللہۖ کی عزت کا محافظ اور پہرہ دار ہے۔

Urs Mubarak

Urs Mubarak

علامہ قیصر قادری، نیک آباد شریف