24 اپریل کو روکا گیا تو حکومت خود ذمہ دار ہو گی : عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لندن (جیوڈیسک) عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس پر چیف جسٹس کے علاوہ کسی کی سربراہی میں کمیشن قبول نہیں، چوبیس اپریل کو روکا گیا تو حکومت خود ذمہ دار ہو گی، چئیرمین تحریک انصاف نے لندن میں بین الاقوامی آڈٹ کمپنیوں سے ملاقاتیں شروع کر دیں۔

لندن میں فنڈریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا پاناما لیکس پر وزیراعظم نے ایک بار بھی خود وضاحت نہیں دی جبکہ درباری معاملے پر وضاحت کرنے کے بجائے خورشید شاہ سمیت دوسروں پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ فنڈریزنگ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ چودھری نثار سے جہاز میں ملاقات کے دوران صرف جلسے پر گفتگو ہوئی۔ اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے۔

پاناما لیکس پر چیف جسٹس کی سربراہی کے علاوہ کوئی اور کمیشن قبول نہیں۔ لندن میں چئیرمین تحریک انصاف نے جہانگیر ترین کے ساتھ کرزن اسٹریٹ میں بین الاقوامی آڈٹ فرم کے حکام سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان دیگر کمپنیوں کے حکام سے بھی ملیں گے۔

دوسری جانب کپتان نے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں سیاسی رہنما جمہوریت بچانے کیلئے عہدے چھوڑ رہے ہیں، اسپین کے وزیر نے بھی استعفیٰ دیا نواز شریف کو صورتحال کا ادراک کیوں نہیں۔