عرب اتحاد نے یمن میں تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا

Yemen Ceasefire

Yemen Ceasefire

یمن (جیوڈیسک) سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب فوجی اتحاد نے تین دن کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

یمن میں اتحادی فورسز کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان گذشتہ روز کیا گیا اور یمن کے مقامی وقت کے مطابق رات 11:59 پر جنگ بندی کا نفاذ کردیا گیا تھا۔

عرب اتحاد کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگلے تین دن تک یمن میں فضائی اور زمینی حملے بند رہیں گے۔ عرب اتحاد اس اعلان کی پابندی کرے گا تاہم فضائی ، بری اور بحری نگرانی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تاکہ یمنی باغیوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھی جا سکے۔

عرب اتحاد کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کی تجویز یمنی صدر عبد ربہ منصور ھادی کی جانب سے پیش کی گئی تھی جسے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے قبول کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کے تین روزہ وفقے میں جنگ سے متاثرہ شہریوں تک خوراک اور ادویات کی فراہمی کویقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ البتہ فضائی، بحری اور بری تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا جائےگا۔

العربیہ سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے عرب اتحاد کے ترجمان جنرل احمد عسیری نے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔