مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلیے تیار ہے، سربراہ پاک بحریہ

Admiral Zaka Ullah

Admiral Zaka Ullah

رسالپور (جیوڈیسک) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں 134 ویں جی ڈی پائلٹ سمیت 3 کورسز کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ نے کہا کہ ملک کو اس وقت اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔

پاک فضائیہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑ رہی ہے، پاکستان امن پسند ملک ہے اور تمام ممالک کے ساتھ خوش گوار اور پرامن تعلقات چاہتا ہے، امن کی خواہش رکھنا ہماری کمزوری نہیں، مسلح افواج ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

نیول چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاسنگ آؤٹ تقریب میں شرکت ان کے لئے اعزاز کی بات ہے، وہ پاس آؤٹ ہونےوالے کیڈٹس کو مبارک باد دیتے ہیں، تربیت حاصل کرنےکےبعد کیڈٹس اب عملی میدان میں داخل ہورہےہیں، تربیت کے بعد ان کے اعتماد میں اضافہ ہو گا، یقین ہے کہ تربیت کے بعد انہیں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔