آرمی چیف سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے

Qamar Javed Bajwa

Qamar Javed Bajwa

دوحہ (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے قطر کے دفاعی امور کے وزیر ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ اور چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد بن علی الغنیم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور باہمی دفاعی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

قطری وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ نے دہشتگردی کے خاتمے، امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج قطر کے ساتھ دفاعی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پاک قطر دفاعی تعاون کے فروغ سے خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ باہمی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔