پاک فوج دہشت گردوں کو صفحہ ہستی سے مٹا رہی ہے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) بیدیاں روڈ پر ایلیٹ ٹریننگ اسکول میں انسداد دہشت گردی فورس کی تیسری پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کے لیے وفاق سے فنڈز نہیں لیے۔

انسداد دہشت گردی فورس کے جوانوں کی تیسری پاسنگ آؤٹ پریڈ میں جوانوں نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کیا۔ اس موقع پر ان کا جوش اور ولولہ قابل دید تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردوں کو صفحہ ہستی سے مٹا رہی ہے اور آپریشن ضرب عضب میں تاریخ رقم کر رہی ہے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق آج چونتیس خواتین اہلکاروں سمیت انسداد دہشت گردی فورس کے تین سو بتیس جوانوں نے اپنی تربیت مکمل کی ہے۔وزیراعلی پنجاب نے تقریب کے آخر میں پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں میں اسناد تقسیم کیں۔