فنکار کو فلم اور ٹی وی کی کیٹگری میں تقسیم کرنا درست نہیں، فضا علی

Fiza Ali

Fiza Ali

لاہور (جیوڈیسک) اداکارہ و ماڈل فضاء علی نے کہا ہے کہ سچے فنکار کو فلم اورٹی وی کی کیٹگری میں تقسیم کرنا درست نہیں ہے۔

جس طرح فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ، اسی طرح ایک فنکارکوبھی کسی ایک شعبے تک قید نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار فضاء علی نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ ایک نوجوان جب شوبز کی دنیا میں قدم رکھتا ہے تواس کے کچھ ٹارگٹ ہوتے ہیں اورآگے بڑھنے کے لیے ایک طریقہ کاربھی اس کے ساتھ ہوتا ہے۔

جس کے تحت وہ کام کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوںکا لوہامنواتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں جب ایک فنکار کسی ٹی وی ڈرامہ میں مقبول ہوجائے توپھر اس کوٹی وی تک ہی محدود رہنے دیا جاتا ہے۔ اسی طرح فلم انڈسٹری میں کسی کواچھا مقام مل جائے توپھروہ ٹی وی پر کام کرنا اپنی توہین سمجھتا ہے۔ مگر میرے نزدیک شوبز میں حد بندی کوئی درست عمل نہیں ہے۔ ایک فنکار کو فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں کام کرنا چاہیے۔

بلاشبہ فلم ایک بڑا اورمقبول میڈیم ہے لیکن لوگوں کی بڑی تعداد ٹی وی ڈرامے دیکھتی اور انہی سے انٹرٹین ہوتی ہے۔ اس لیے اب وہ دور نہیں رہا جب ایک مقبول فنکار کسی ایک میڈیم تک خود کو محدود رکھ لے۔ ایک سوال کے جواب میں فضاء علی نے کہا کہ میں نے فیشن انڈسٹری میں بہت کام کیا۔ ٹی وی پرایکٹنگ کی اور بطور میزبان بھی اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ اس کے علاوہ میوزک کے شعبے میںبھی کام کررہی ہوں۔ میں سمجھتی ہوں کہ ایک فنکارمیں اگر ٹیلنٹ ہے تواس کو ضرور موقع ملنا چاہیے۔

موجودہ فلموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فضاء علی نے کہاکہ پاکستان میں بننے والی فلموں کوہم مکمل فلم تونہیں کہہ سکتے لیکن جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ جوکام کیا جارہا ہے اس سے ہماری فلم کے معیار میں بہتری دکھائی دی ہے۔ خاص طور پر گزشتہ دو برسوں کے دوان پاکستانی سینما میں اب اپنی فلموں کو دیکھنے والے لوگ بھی دکھائی دیتے ہیں۔ وگرنہ سینما گھروں میں شائقین کی بڑی تعداد بھارتی فنکاروں کودیکھنے کے لیے پہنچتی تھی۔ اب حالات بہتر ہو رہے ہیں اورآنے والے دنوں میں اس میں مزید بہتری آئے گی۔