آرٹس کونسل کا پہلا تھیڑ فیسٹیول، تمام ڈرامے مفت دیکھئے

Arts Council Theater

Arts Council Theater

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں آرٹس کونسل کی طرف سے پہلے تھیٹر فیسٹیول کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز زور و شور سے جاری ہے۔ بائیس جولائی سے شروع ہونے والے تھیٹر فیسٹیول کی رونقیں 17 دن جاری رہیں گی۔ اس دوران تھیٹر کے شوقین معیاری ڈراموں کا لطف اٹھا سکیں گے۔

فیسٹیول کے لئے ریہرسلز بھی دن رات جاری ہیں ۔ اس فیسٹیول کی خاص بات یہ ہے کہ تمام شوز فری ہوں گے نیز تمام ڈرامے آرٹس کونسل آڈیٹوریم میں اسٹیج کئے جائیں گے۔

آرٹس کونسل کے محمد احمد شاہ نے بتایا کہ ’’تھیٹر فیسٹول کا مقصدثقافتی ہم آہنگی اور عدم تشدد کے موضوعات کو فروغ دینا ہے۔ فیسٹیول کے لئے ستائیس کھیل موصول ہوئے جن میں فیصلہ کرنا مشکل تھا کہ کون سا کھیل منتخب کیا جائے اور کسے چھوڑا جائے۔‘‘

محمد احمد شاہ نے مزید بتایا ’’شارٹ لسٹنگ کے بعد 17 کھیل ہماری فہرست پر ہیں اس لئے عام دنوں کے برعکس ہر روز ایک ڈرامہ اسٹیج کیا جائے گا، جبکہ ویک اینڈ پر دو کھیل اسٹیج کئے جائیں گے۔‘‘ فیسٹول کا آغاز 22 جولائی کو اردو کے مشہور افسانہ نگار انتظار حسین کے تحریر کردہ شہرہ آفاق کھیل ’’خوابوں کے مسافر‘‘سےہوگا جس کی ہدایات عالمی شہرت یافتہ ڈرامہ پروڈیوسر اور اداکار ضیا محی الدین دیں گے۔

سات اگست تک جاری رہنے والے فیسٹول میں جن دیگرنامورڈرامہ نگاروں اور آرٹسٹوں کے ڈرامے فیسٹول کا حصہ ہوں گے ان میں انور مقصود، طلعت حسین، انجم ایاز، خالد انعم، ساجدحسن، شیما کرمانی اور زین احمد شامل ہیں۔