آصف حسنین بھی متحدہ چھوڑ گئے، پی ایس پی میں شامل

Asif Hasnain

Asif Hasnain

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی آصف حسنین نے مصطفیٰ کمال کی سیاسی جماعت ‘پاک سرزمین پارٹی‘ میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ اس بات کا باقاعدہ اعلان انہوں نے اتوار کو مصطفیٰ کمال کے ساتھ کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

استعفیٰ دینے کی وجہ بتاتے ہوئے آصف حسنین نے کہا کہ وہ پاکستان مخالف نعرے نہیں لگاسکتے ۔ جس وقت انہوں نے ملک مخالف نعرے سنے تھے اسی وقت سے وہ نعرہ لگانے والوں سے راہیں جدا کرنے کا سوچ رہے تھے۔

اس اعلان کے ساتھ ہی انہوں نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ وہ 2013 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 255کراچی سے متحدہ قومی موومنٹ کی نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔

آصف حسنین ٹاؤن ناظم اور رکن رابطہ کمیٹی بھی رہ چکے ہیں۔ 22 اگست کے واقعے کے بعد انہیں رینجرز نے تفتیش کی غرض سے طلب کیا تھا جبکہ اس واقعے کے ایک روز بعد انہیں اسلام آباد جاتے ہوئے کراچی ائیرپورٹ سے حراست میں لے لیا تھا۔