آصف زرداری پر ہاتھ ڈالا گیا تو جنگ کی ابتدا ہو گی، خورشید شاہ

Khurshed Shah

Khurshed Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ کرپشن کے نام پر آصف زرداری پر براہ راست ہاتھ ڈالا گیا تو جنگ کی ابتدا ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ’’را‘‘ سندھ اوربلوچستان میں گھس چکی ہے، بندوق کے زور پر کچھ نہیں ہوتا، سندھ میں جو لاوا پک رہا ہے صرف سندھی روک سکتے ہیں، آرمی چیف کو سندھ میں امن و امان کی صورت حال پر وزیراعلیٰ کو اعتماد میں لینا چاہیے، اداروں کے سربراہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اوربتائیں کہ کیا سب کچھ سندھ میں ہی ہورہا ہے، کیا خیبرپختونخوا، بلوچستان اورپنجاب میں کرپشن ختم ہوگئی ہے لیکن ایک صوبے کو ٹارگٹ کرکے تباہ کیا جا رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بتائیں کہ ہمارے لوگوں میں کیا خرابی ہے۔ بھارت اس لئے طاقتور ہے کہ سیاسی جماعتیں ایسے کام نہیں کرتیں،مسلم لیگ (ن) کوسمجھنا چاہیے کہ سیاسی جماعتیں ہی ان کی دست وبازوں ہیں۔ قاسم ضیاء کوہتھکڑی لگانےپرشرم آنی چاہیے، ڈاکٹر عاصم سے پہلے تفتیش کی جانی چاہیے جو کہ مہذب معاشرے والا سلوک ہوتا ہے۔ یہ پکڑدھکڑ ختم کی جائے اگر آصف زرداری پر براہ راست ہاتھ ڈالا گیا تو جنگ کی ابتدا ہو گی۔

خورشید شاہ کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کےارکان میں غیرت ہے تو انہیں گھر چلے جانا چاہیے، اس معاملے پر پی ٹی آئی کے دھرنے میں شامل نہیں ہوں گے تاہم الیکشن کمیشن ممبران کے معاملے پر آصف زرداری سے مشاورت کے بعد پالیسی کا اعلان کریں گے، تمام تر مشکلات کے باوجود ہم پارلیمنٹ کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، جبر کا سامنا پارلیمنٹ کے اند رہ کر کریں گے۔